راج کوٹ،9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج گجرات کی وزیر اعلی آنندی بین پٹیل پر سورت میں ہونے والا ان کا پروگرام منسوخ کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے 2017میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات کے لئے یہاں عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم شروع کی۔اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ آج صبح یہاں پہنچے کجریوال مہم شروع کرنے سے پہلے سومناتھ میں واقع بھگوان شو کے مندر میں درشن کے لئے گئے۔آپ کے قومی کنوینر کے ساتھ ان کا خاندان اور پارٹی لیڈر کمار وشواس بھی تھے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ گجرات میں میرا اصل پروگرام دو دن کا تھا، آج ہم سومناتھ جانے والے تھے کل سورت میں ہماری ایک میٹنگ تھی لیکن آنندی بین نے سورت کے لوگوں اور تاجروں پر غلط دباؤ ڈالا اور ہمارا پروگرام منسوخ کرا دیا۔کجریوال نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے،ہم ایک جمہوریت ہیں۔دہلی کے وزیر اعلی سفر کے دوران جونا گڑھ، گر-سومناتھ اور راج کوٹ اضلاع کے کچھ دیہات کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں کے کسانوں کے مسائل کو سمجھنے کے لئے ان سے ملیں گے۔ایک کاروباری تنظیم کی اپنی دعوت واپس لینے کے بعد دس جولائی کوطے کجریوال کاسورت سفر منسوخ کرنا پڑا۔آپ کا الزام ہے کہ ایسا ریاست کی بی جے پی حکومت کے اشارے پر کیا گیا۔